ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / منگلورو میں کلڈکا پربھاکر بھٹ اور شرن پمپ ویل کو گرفتار کرنے کا مطالبہ : نہ کرنے کی صورت میں کلڈکا چلو احتجاج کی دھمکی

منگلورو میں کلڈکا پربھاکر بھٹ اور شرن پمپ ویل کو گرفتار کرنے کا مطالبہ : نہ کرنے کی صورت میں کلڈکا چلو احتجاج کی دھمکی

Wed, 28 Jun 2017 21:22:23    S.O. News Service

منگلورو:28/جون (ایس اؤنیوز)ایس ڈی پی آئی کے ریاستی سکریٹری ریاض فرنگی پیٹ نے ایس ڈی پی آئی امونجے  کےزونل صدر اور آٹو ڈرائیور کلائی خیبر نگر کے مکین محمد اشرف کے قاتلوں سے راست رابطہ میں رہنے والے کلڈکا پربھا کر بھٹ اور شرن پمپ ویل کو فوری طورپر گرفتار کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔

مینگلور میں پریس کانفرنس سے خطاب  کرتے ہوئے ایک طرف ریاض نےپولس کی ستائش کہ کہ قتل معاملے کو لے کر پولس نے قتل ہونے کے صرف 3دن میں ہی ملزموں کو گرفتار کر کے اپنے فرائض کو ایمانداری سے انجام دیا ہے۔ وہیں انہوں نے انتباہ دیا کہ فوری طور پر کلڈکا پربھاکر بھٹ اور شرن پمپویل کو گرفتارنہیں کیا گیا تو ایس ڈی پی آئی کی جانب سے کلڈکا چلو  کیا جائے گا۔

ریاض کے مطابق جن ملزموں کو گرفتار کیا گیا ہے  اُس میں  6ملزمان سنگھ پریوار کے بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد کے کارکنا ن ہیں۔جبکہ  ایک مفرور ملزم بھرت کمار بھی بجرنگ دل کا کارکن ہے  جو بنٹوال تعلقہ گورکشھا پرمکھ کے طورپر کام کررہاہے،اس  سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ اشرف کا قتل سنگھ پریوار کی منصوبہ بند کارستانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قتل کے پس پردہ ضلع میں فرقہ وارانہ آگ بھڑکا کر ،قومی منافرت کو جنم دے کر انتخابات میں سیاسی فائدہ اٹھانے کی سازش چھپی ہوئی ہے، تو قتل معاملے میں اس بات کا بھی پتہ چلا ہے کہ گرفتارشدہ ملزمان اور بھرت کمارہی اس قتل میں ملوث نہیں ہیں   بلکہ ملزموں کو معاشی طور پر تعاون دینے والے اورقتل کو اکسانے والے دیگر ملزم بھی قتل میں ملوث  ہیں۔ ریاض فرنگی پیٹ نے پولس محکمہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ معاملہ صرف6 ملزموں کی گرفتاری کی حد تک محدود نہ رکھے  بلکہ گہرائی سے جانچ کرتے ہوئے خاطیوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی کریں۔

ریاض نے بتایا کہ محمد اشرف کے قتل سے 3ماہ پہلے بنٹوال کےنواح میں مسلمانوں پر کئی ظلم رسانی کے واقعات ہوئے ہیں، پُدو گرام پنچایت کے سابق ممبر کو بجرنگ دل سے دھمکی آمیز خط، گرام پنچایت کے واٹر مین کریم کے قتل کی کوشش، کلڈکا میں 2مرتبہ چاقو سے حملہ کرنے والے معاملات اور  تمبے میں چاقوحملہ ہونے کے متعلق شکایات درج کئے گئے  ہیں۔ انہوں نے صاف طور پر کہا کہ پولس کی غیر فعالی اور دوغلی پالیسی کی وجہ سے سنگھ پریوار  اشرف کا قتل کرکے اپنے ایجنڈے کو لاگو کرنے میں  کامیاب ہوگیا ہے ، جس کے لئے اس قتل کے پیچھے سنگھ پریوار کے افرادکااہم رول واضح ثبوت ہے۔

ریاض کے مطابق قتل معاملے کے کلیدی ملزم مفروربھرت کمار نے 15جون کو  کلڈکا پربھا کر بھٹ ، شرن پمپ ویل اور پدمنابھ کوٹاری کے ساتھ  کی گئی  پریس کانفرنس پر غورکریں تو پتہ چلتاہے کہ ان  لیڈران نے ہی  خوف کے مارے بھرت کمار کو فرارہونے کا موقع فراہم کیا ہے انہوں نے کلڈکا بھٹ اور دیگر لیڈران پر ملزم کو پناہ دینے کا بھی الزام عائد کیا۔

ریاض فرنگی پیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ  ضلع کے پولس افسران کسی بھی طرح کے دباؤ میں آئے بغیر کلڈکا پربھا کر بھٹ اور شرن پمپ ویل کو فوری طورپر گرفتار کرے اور ان سے پوچھ تاچھ کرکے قتل معاملے میں ان کے رول کو ظاہر کرے، جس سے کہ  اشرف کے خاندان والوں کو انصاف مل سکے۔

ایس ڈی پی آئی نے اس بات کا بھی مطالبہ کیا ہے کہ ریاستی حکومت معاملے کو سنجیدگی سے لے اور فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے والے سنگھ پریوار کی سرگرمیوں پر روک لگانے کے لئے خصوصی قانونی نظام  جاری کرے اور  اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

ایس ڈی پی آئی نے دھمکی دی کہ اگر ان کے مطالبات پر کاروائی نہیں کی گئی تو  پارٹی کی طرف سے تمام تنظیموں  اور اداروں کے اشتراک سے ’’ضلع کی بھائی چارگی ، خیرسگالی کے لئے عوامی اتحاد ‘‘نعرے کی بنیاد پر ’’کلڈکا چلو ‘‘عوامی جدوجہد شروع کی جائے گی  ، جس میں  قومی شاہراہ بند کرنے اور ڈپٹی کمشنر دفتر کا گھیراؤ کرنے جیسے احتجاج ہوں گے۔ پریس کانفرنس میں ایس ڈی پی آئی کے ریاستی ممبر جلیل کے، دکشن کنڑا ضلع جنرل سکریٹری عطاء اللہ جوکٹے ، مہانگر پالیکا ممبر اعجاز کے ، بنٹوال بلدیہ ممبر اقبال ، ضلعی ممبرسہیل ایس ایچ موجود تھے۔


Share: